اڈپی،16؍دسمبر (ایس او نیوز)اڈپی او رمنی پال پولیس تھانوں کے حدود میں ایک اجنبی شخص نے دو گھنٹوں کےاندر چار مقامات پر خواتین کے گلے سے سونے کی چین اڑانے کی 4وارداتیں انجام دیں جس کے بعد ملزم کی نشاندہی او رگرفتاری کے لئے پولیس نے 3ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پہلی واردات منی پال لکشمیندر نگر کی رہنے والی پدمنی دیوی کے ساتھ صبح کے7 بجے پیش آئی جس میں بائک پر سوار ہوکر آنے والے 30سے 35سال عمر کے ایک اجنبی شخص نے پدمنی کے گلے سے 1.25لاکھ روپے مالیت کی 30گرام وزنی سونے کی چین اڑالی۔پھر اسی شخص نے دوسری واردات پیرمپلّی سنتوش نگر میں جینتی (55سال) نامی ایک بزرگ خاتون کے ساتھ انجام دی جس میں جینتی کی 50ہزار روپے مالیت کی 10گرام وزنی چین گلے سے اڑائی۔ اس کے بعد اسی لٹیرے نے اڈپی شہر میں پہنچ کرگنجی بیٹّو ایم جی ایم گراؤنڈ کے پاس تیسری واردات انجام دی جس میں گلابی نائک نامی خاتون کے گلے سے12گرا م وزنی چین چھین لی۔ پھر اس نے برہماگری سینٹ سیسلی اسکول کے پاس 9بجے کے قریب چوتھی واردات انجام دی جس میں جیا بنگیرا کو اپنی 10گرام وزنی سونے کی چین سے ہاتھ دھونا پڑا۔
خیال رہے کہ کچھ اسی قسم کی 3وارداتیں 19ستمبر کو بھی اڈپی اور منی پال میں انجام دی گئی تھیں۔اور ان معاملوں میں پولیس نے کئی ملزمین کوگ گرفتار کرلیا تھا۔ اب پھر ایک ہی شخص کے طرف سے انجام دئے گئے لو ٹ کےسلسلہ وار واقعات دیکھتے ہوئے اڈپی، منی پال اور ڈسی آئی بی کے انسپکٹروں کی قیادت پر مشتمل تین تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔